Latest News


Header Ads Widget

Responsive Advertisement

ہماری شخصیت اور عشق رسولﷺ ۔ سیدہ راحت فاطمہ

 ہماری شخصیت اور عشق رسولﷺ




یاد کریں ابتدائی جماعتوں میں جب ہمیں اپنی پسندیدہ شخصیت کے بارے میں لکھنے کو کہا جاتا تھا تو ہم جوش وخروش سے اپنی پسندیدہ شخصیت کی خصوصیات اور اوصاف لکھتے اور احساس وجذبات کا عالم یہ ہوا کرتا تھا کہ بس کسی طرح ہم میں بھی یہی سب خوبیاں آجائیں اور ہماری شخصیت میں ان کا عکس دکھنے لگے۔ حلانکہ یہ ایک دنیاوی اور عام زندگی کی بات تھی۔ آئیے اسی سوچ اسی جذبے کو ذرا وسعت دیتے ہیں۔اور پسندیدگی اور اپنائیت کے انہی جذبات کو مزید عروج دیتے ہوئے ذرا تصور کیجیے کہ محبت اور اپنائیت کے وہی جذبات دنیاوی درجے سےبہت بلند ہو کر اگر ایمان کا حصہ ہو جائیں تو محبت کا یہی احساس کتنی قدر ومنزلت کا حامل ہو جائے گا۔

بےشک ہر مسلمان اپنے دل میں عشق رسول ﷺ رکھتا ہے۔ بحیثیت مسلمان ہم سب جانتے ہیں کہ مومن کا تصور محبت رسول ﷺ کے بغیر ممکن نہیں۔ حضرت انس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا:(ترجمہ) " تم میں سے کوئی (شخص)اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا،جب تک کہ میں اسے اس کے والد (یعنی والدین)،اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے (بڑھ کر) محبوب تر نہ ہو جاؤں۔"

[صحیح بخاری،کتاب الایمان،جلد1،ص211،حدیث رقم14]

مذکورہ بالا حدیث پاک کو پڑھتے ہی بےشک ہر مسلمان کا دل محبت رسولﷺ سے مزید سرشار ہو جاتاہے۔ محبت کا ہر جذبہ اظہار چاہتا ہے۔ اظہار ہی دراصل محبت کی تسکین ہے۔ ہم اللّٰہ تعالیٰ سے محبت کرتے ہیں، اللّٰہ پر ایمان اور سجدہ ، اللّٰہ سے محبت کا بہترین اظہار ہے۔ اسی طرح حضورﷺ سے محبت کا بہترین اظہار بےشک ان کی اطاعت میں ہے۔ تو کیوں نہ ہم عشقِ رسولﷺ کا اظہار بہترین انداز میں کریں۔

ایک عام سے دنیاوی و مجازی عشق میں مبتلا شخص کی شخصیت بھی معاشرے میں الگ پہچان بنا لیتی ہے وہ اپنے انداز و اطوار کی بنا پر دیوانہ، مجنوں اور نجانے کن کن القاب سے جانا جاتا ہے۔

کیا ہی خوب ہو کہ اگر اس دنیاوی عشق سے بہت اوپر عشقِ رسولﷺ میں ہماری شخصیت الگ پہچانی جائے۔

ہماری سوچ، ہمارا ہر عمل عشقِ رسولﷺ میں اطاعت رسولﷺ کی طرف گامزن ہو۔ ہمارے کردار میں عشقِ رسولﷺ کی جھلک ان کی اطاعت کی صورت میں دکھائی دینے لگے۔ ہمارے کاروباری معاملات، ہماری عائلی زندگی، ہمارا معاشرے میں کردار، ہمارا دوسروں کے ساتھ سلوک، ہمارا آپسی رویہ، ہمارے ردعمل، حتیٰ کہ ہمارا بے زبان جانوروں کے ساتھ سلوک الغرض زندگی کے ہر ممکنہ پہلوؤں میں اطاعتِ رسولﷺ کا رنگ اس قدر نمایاں ہو کہ ہمارے عاشق رسولﷺ ہونے کی عکاسی کرتا ہو۔

بےشک دین اسلام صرف ایک مذہب ہی نہیں بلکہ تا قیامت ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور حیات طیبہﷺ کی روشنی میں زندگی اور معاملات دنیا کے لیے بہترین راہنمائی موجود ہے۔ 

تو پھر کیوں نہ ہم اپنے دلوں میں مزین عشقِ رسولﷺ کا بہترین اظہار ان کی اطاعت و پیروی کی صورت میں کر کے اپنی شخصیت کو حقیقی طور پرعشقِ رسولﷺ سے نکھار لیں۔


سیدہ راحت فاطمہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے