جھوٹ اور خیانت زندگی کو تباہ کردیتی ہے، ایسے شخص کیلئے گھر اور پروفیشنل لائف میں جگہ باقی نہین رہتی۔ مولانا عمران عطاری
اعتماد ایک بار ٹوٹتا ہے ،پھر اعتماد کے شیشے کو چاہے جتنا ہی جوڑ یں اس میں چہرہ ٹوٹا ہوا ہی نظر آئیگا
فلاح پانے والے امانتوں کے ساتھ وعدوں کو بھی پورا کرتے ہیں، فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان
سیالکوٹ (ملک حسن رزاق سے) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ جھوٹ اور خیانت زندگی کو تباہ کردیتی ہے ،ایسے شخص کیلئے نہ گھر میں نہ پروفیشنل لائف میں نہ سوسائٹی میں جگہ باقی نہیں رہتی ،اس کی کاروبار ی ، گھریلو اور معاشرتی زندگی تباہ ہوجاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان مدینہ میں پروفیشنل ڈیپارٹمنٹ کے تحت ہونے والے سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے افراد شریک ہوئے۔ نگران شوریٰ نے کہا کہ جو شخص جھوٹ بولتا رہتا ہے ،وعدہ پورا نہیں کرتا ،کوئی چیز اس کے پاس رکھوائی جائے تو وہ ملتی نہیں ہے ،اس سے انسان کا پورا کیرئیر داؤ پر لگ جاتا ہے جب اس کی یہ چند برائیاں ظاہر ہوجاتی ہیں ،اعتبار ٹوٹنے کیلئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ جھوٹ بولتا ہے ،اعتبار واعتماد ٹوٹنے کیلئے بندے کا جھوٹ پکڑا جانا ہی کافی ہے ،اعتماد صرف ایک بار ٹوٹتا ہے ،پھر اس اعتماد کے شیشے کو چاہے جتنا ہی جوڑ یں اس میں چہرہ ٹوٹا ہوا ہی نظر آئے گا ۔ انہوں نے کہاکہ امانتیں اللہ کی ہوں یا مخلوق کی ،اسی طرح وعدہ اللہ کے ساتھ ہو یا مخلوق کیساتھ سب کی وفا لازم ہے ، ہم میں سے ہر کوئی کہیں نہ کہیں ، کوئی نہ کوئی نوکری کرتا ہے ،یا اس نے کمانے کا کوئی ذریعہ بنایا ہوتا ہے ،اس کو اور زندگی کے معمولات کو سامنے رکھیں ،پوشیدہ طور پر کسی کا حق مارنا خیانت ہے ،خواہ اپنا حق مارے ،اللہ ورسول ﷺ کا یا کسی اور کا ۔ نگران شوریٰ نے کہا کہ خیانت ،راز ،عزت ،مشورے تمام معاملات میں ہوتی ہے اس کا دائرہ کار اور بھی وسیع ہے ،اگر کسی کو کوئی عہدہ ملا اور ایسے اختیارات بھی اس کے پاس ہیں کہ وہ کسی کو نوکری دے سکتا ہے اور اس نے اس جگہ پر میرٹ پر آنے والے شخص کو چھوڑ کر کسی ایسے کو عہدہ یا نوکری دے دی جو اس کا اہل نہیں تو اس شخص نے اپنی ذمہ داری کے ساتھ خیانت کی ،ہم اپنے ساتھ بھی ایسے معاملات کرتے ہیں جو خیانت میں آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلاح پانے والے یعنی دنیا وآخرت میں کامیابی پانے والوں کی خصوصیات میں خصوصیت یہ ہے کہ وہ لوگ امانتوں کے ساتھ ساتھ وعدوں کو بھی پورا کرتے ہیں ،جب ان کے پاس امانت رکھوائی جاتی ہے تو وہ خیانت نہ کرتے ۔
0 تبصرے