سیالکوٹ پولیس کے شہید جوان انضمام الحق سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک۔
سیالکوٹ (جاوید ہیپی بٹ سے) تھانہ کینٹ کی حدود میں دوران ڈیوٹی جرائم پیشہ عناصر سے مقابلے کے دوران گولیوں کی زد میں آکر شہید ہو جانے والے کانسٹیبل انضمام الحق ساہی کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز سیالکوٹ اور بعد ازاں شہید کے آبائی گاؤں دھیدووالی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ دعوت اسلامی کئ مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد اظہر عطاری نے پڑھائی اور شہید کے بلند درجات کے لئے دعا کی ۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نےشہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہید کانسٹیبل انضمام الحق ساہی کی نماز جنازہ میں آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر خیدر اشرف، ڈی پی او محمد حسن اقبال ، ڈپٹی کمشنر عدنان محمود، اعلیٰ فوجی و پولیس افسران، وکلاء اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہید کے جسد خاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ پولیس لائنز لایا گیا۔ راستہ میں شہریوں نے فرض کی خاطر جان قربان کرنے والے شیر جوان کا شایان شان استقبال کیا. شہر کے اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر شہید کے قافلے پر بھرپور گل پاشی کی گئی جبکہ پولیس کے افسران و جوانوں نے شہید کو سلامی پیش کی۔
آر پی او، ڈی پی او ، ڈی سی و فوجی اعلیٰ افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد اظہر عطاری کے ہمراہ شہید کی بلندی درجات کیلیے دعا کی گئی۔
آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے شہید انضمام الحق کے بھائی اور والد سے ملاقات کی اور ان کی دھاڑس بندھائی. آر پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں سینے پر گولی کھانے والے بہادر جوان انضمام الحق کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی. واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا. پوری قوم شہداء اور ان کی فیملیز کی قرضدار ہے شہید کے ورثاء کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا.شہید کانسٹیبل انضمام الحق کا جسد خاکی نماز جنازہ کے بعد آبائی گاؤں دھیدووالی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
0 تبصرے