سیالکوٹ(ملک حسن رزاق سے)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ مخیر حضرات اور کمیونٹی ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ریاست کے دست و بازو بنیں، کمیونٹی کی شراکت کے بغیر کوئی ملک اور معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ یہ بات انہوں سوشل ویلفئیر کمپلیکس سیالکوٹ میں سیوا فاؤنڈیشن کی جانب سے معذور افراد اور دارالفلاح میں مقیم مستحق خواتین کے 100 سے زائد گھرانوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرنے کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر شریف گھمن، وائس چیئرپرسن سیوا فاؤنڈیشن ہادیہ بلال، سائرہ ناز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ملک عدنان، انچارج ماڈرن چلڈرنز ہوم اسما احمد، چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کونسل فار این جی اوز محمد اشفاق نذر اور کوآرڈینیٹر فار اسپیشل پرسن حافظ شاہد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے سیوا فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے معذور افراد کو کسی وجہ سے زندگی کی ڈور میں پیچھے رہ گئے ہیں ان کی مدد کرنے صاحب حیثیت افراد کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کیلئے کمزور اور مجبور افراد کو ہنر مند بنانا ہوگا تاکہ وہ خودکفیل ہوسکے اور کسی کا محتاج نہ رہے۔وائس چیئرپرسن سیوا فاؤنڈیشن ہادیہ بلال نے ڈی ڈی سوشل ویلفئیر کی درخواست پر ماڈرن چلڈرنز ہوم کیلئے ڈیپ فریزر دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیوا فاؤنڈیشن کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے افراد کی مدد کرنا ہے اور ان کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ کسی پر بوجھ نہ ہوں بالخصوص خواتین کو ایسے ہنر سیکھانا ہے جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہو اور وہ باعزت طریقے سے روزگار کما کر اپنا اور اپنے خاندان کا سہارا بن سکیں۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نےسیوا فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے معذور افراد کے کنٹریکٹ ملازمت کے مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسن کو آفس میں طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط کے مطابق خصوصی افراد کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
0 تبصرے